امریکی کمپنی کی تیارکردہ کورونا ویکسین مدافعتی نظام بہتر بنانے میں کامیاب ہوگئی

ٹرائل کے دوران36 افراد پر ویکسین کا استعمال کیا گیا، برطانوی حکومت نے بھی دوا ساز کمپنی کو30 ملین ڈوز کا پیشگی آرڈر دے دیا۔ غیرملکی میڈیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 اگست 2020 17:34

امریکی کمپنی کی تیارکردہ کورونا ویکسین مدافعتی نظام بہتر بنانے میں ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2020ء) امریکی کمپنی کی تیارکردہ کورونا ویکسین مدافعتی نظام بہتر بنانے میں کامیاب ہوگئی، ٹرائل کے دوران36 افراد پر ویکسین کا استعمال کیا گیا، برطانوی حکومت نے بھی دوا ساز کمپنی کو30 ملین ڈوز کا پیشگی آرڈر دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر نے کووڈ 19 کیلئے ویکسین تیار کرلی ہے۔

ویکسین کورونا متاثرہ انسانوں کا مدافعتی نظام بہتر بنانے میں کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرائلز کے دوران 36 افراد پر اس ویکسین کے استعمال کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے روس نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لانچ کردی ہے۔ روسی وزیر کا کہنا ہے کہ روس نے دنیا کی پہلی کامیاب تجربات کے بعد ویکسین تیار کی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے برعکس عالمی ادارہ صحت کے متعلقہ عہدیداروں نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کے خلاف روس کی تیارکردہ ویکسین کی افادیت جانچنے اور وسیع پیمانے پر ویکسین کے استعمال کے حوالے سے درکار لازمی معلومات کا ابھی فقدان ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او مزید معلومات کے حصول کے لیے روس میں متعلقہ فریقوں سے رابطے میں ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا بریفنگ میں خبردار کیا کہ محفوظ اور موثر ویکسین کی بڑھتی طلب کے باعث مختلف ممالک کے درمیان مسابقت جنم لے رہی ہے جس سے ویکسین کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ امریکا اور روس کے ساتھ چین کی ویکسین کے تجربات بھی جاری ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 1482 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ مزید 3124 مریض صحت یاب ہوئے۔ وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مملکت میں کورونا کے 34 مریض دم توڑ گئے۔ مجموعی طور پر شفایاب ہونے والے کرونا مریضوں کی تعداد دو لاکھ 60 ہزار 393 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب اور چین کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت کورونا مریضوں کو ویکسین دینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔