سعودی عرب میں نوجوان نے حد رفتار کی ایسی کی تیسی کر دی

250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے والا نوجوان ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 اگست 2020 11:36

سعودی عرب میں نوجوان نے حد رفتار کی ایسی کی تیسی کر دی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اگست 2020ء) سعودی عرب میں حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جاتا ہے۔ ایک سعودی نوجوان نے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کے چکر میں حد رفتار کی سنگین خلاف ورزی کر دی۔ سعودی پولیس کی جانب سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نوجوان نے اپنی انتہائی تیز رفتار ڈرائیونگ کی ویڈیو بنا کر سنیپ چیٹ پر پوسٹ کی تھی،تاہم اسے مشہور ہونے کا شوق مہنگا پڑ گیا۔

محکمہ ٹریفک پولیس نے نوجوان کی شناخت کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا ہے۔ نوجوان پر تیز رفتار ڈرائیونگ، خلاف قانون حرکت کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے اور ڈرائیونگ کے دوران ویڈیوبنانے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریفک قوانین کے مطابق ڈرائیونگ سے دھیان ہٹانے پر 300 سے 500 ریال ، ڈرائیونگ کی موبائل سے وڈیو بنانے پر 500 سے 900 ریال تک ، جبکہ حد رفتار کی خلاف ورزی پر 1500 سے 2000ریال تک جرمانہ ہو گا۔

واضح رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مملکت میں زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ یا بغیرلائسنس کے گاڑی چلانے والوں کو کوئی معافی نہیں ہے۔ اس خلاف ورزی کے ارتکاب کی صورت میں 300تا 500 ریال تک کا جرمانہ بھگتنا ہو گا۔ سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق ڈرائیونگ کرتے وقت ہر وقت اپنے ساتھ لائسنس رکھنا ضروری ہے۔ اگر کسی کا لائسنس گم گیا ہے تو وہ ایسی صورت میں اُس وقت تک گاڑی نہ چلائے جب تک نیا لائسنس نہیں بنوا لیتا۔ اسی طرح لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے قبل اس کی مُدت میں توسیع کروا لینی چاہیے تاکہ بعد میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مذکورہ خلاف ورزیوں کے مرتکب چاہے مرد ہوں یا خواتین، کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔