ابو ظہبی ،اسکول میں آنیوالے طلبہ کا ہردوہفتے بعد کرونا ٹیسٹ ہوگا

طلبہ کی تدریجی واپسی کا بھی فیصلہ ہوا ہے ،جس کی بدولت کرونا وائرس ٹیسٹ آسانی سے ممکن ہوسکے گا،حکام

پیر 31 اگست 2020 15:59

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2020ء) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں اسکول آنے والے طلبہ کا کرونا وائرس ٹیسٹ ہر 2 ہفتے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امارات میں نیا تعلیمی سال 5 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔اماراتی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی میں وزارت تعلیم و تربیت نے اسکولوں کے طلبہ کا کووڈ 19 (پی سی آر)ٹیسٹ 2 ہفتے میں ایک بار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت تعلیم و تربیت کے ماتحت اسکول آپریشن ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لبنی الشامسی نے بتایا کہ ابو ظہبی کے طلبہ کا ٹیسٹ اسکولوں میں ہوگا جبکہ دیگر ریاستوں کے طلبہ کے بارے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے ٹیسٹ سینٹر کے حوالے سے مطلع کیا جائے گا۔ڈائریکٹر کے مطابق ایس ایم ایس ان کے سرپرستوں کے نام بھیجے جائیں گے، پی سی آر ہر 2 ہفتے میں ایک بار ضرور ہوگا۔الشامسی نے بتایا کہ طلبہ کی تدریجی واپسی کے فیصلے کی بدولت کرونا وائرس ٹیسٹ آسانی سے ممکن ہوسکے گا۔