یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز، سابق عالمی نمبر ایک کم کلسٹرز ابتدائی رائونڈ میں ہارکر باہر

بدھ 2 ستمبر 2020 14:10

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2020ء) بیلجیئم کی نامور ٹینس سٹار، سابق عالمی نمبر ایک اور چار گرینڈ سلام کی فاتح کم کلسٹرز رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ کم کلسٹرز کا گزشتہ آٹھ سالوں میں یہ پہلا گرینڈ سلام ایونٹ ہے جس میں انہوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

37 سالہ کم کلسٹرز کا مقابلہ ابتدائی رائونڈ میں روس کی اکاترینا الیگزینڈروفا سے تھا جس میں روسی کھلاڑی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کم کلسٹرز کے خلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ روس کی اکاترینا الیگزینڈروفا کی فتح کا سکور 3-6 ، 7-5 اور 6-1 تھا۔ 37 سالہ کلسٹرز نے رواں سال کے شروع میں ہی اپنے کیریئر کی دوسری واپسی کا آغاز کیا تھا ۔واضح رہے کہ کلسٹرز کو 4 گرینڈ سلام ٹائٹلز کے علاوہ 41 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔کم کلسٹرز اس سے قبل2005، 2009 اور 2010 میں تین بار یو ایس اوپن چیمپئن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 2011 میں آسٹریلین اوپن بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ کم کلسٹرز 2012 میں فلشنگ میڈو میں دوسرے راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد سے کوئی گرینڈ سلیم ایونٹ نہیں کھیلی تھی۔

متعلقہ عنوان :