وزارت صحت اور ٹی ڈی سی کے مابین تمباکو فری زون کے قیام کے لئے مل کر کام کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعرات 3 ستمبر 2020 10:35

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2020ء) وزارت صحت اور دی ڈائبیٹک سینٹر (ٹی ڈی سی) کے مابین تمباکو فری زون کے قیام کے لئے مل کر کام کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے ۔ اس سلسلے میں تقریب بدھ کو ٹی ڈی سی مرکز میں منعقد ہوئی۔ذیابیطس کے تحقیقی ادارے ٹی ڈی سی کے مطابق تمباکو فری زون کے قیام کے لئے مل کر کام کرنے کی مفاہمت کی یادداشت سے تمباکو نوشی سے متعلق آگاہی، خطرات اور قوم کی معیشت و ماحولیات پر اس کے منفی اثرات کے بارے میں شعور پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ڈی سی میں تمباکو کنٹرول کے قوانین کا اطلاق اور تحقیق کے ذریعہ پاکستان کے تناظر میں پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول بھی ممکن ہو گا۔

اگلی نسل کو تمباکو سے بچانے اور ملک کی خوشحالی کے لئے تمباکو نوشی کے خلاف گھر گھر مہم چلائی جائے گی جبکہعالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اس سلسلے میں ترقیاتی معاونت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامدنے اس موقع پر تمباکو نوشی کے خلاف ٹی ڈی سی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ٹی ڈی سی ای کے سی ای او طاہر عباسی اور وزارت صحت کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر منہاج سراج نے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے اور اظہار کیا کہ وہ ہر ممکن طریقے سے قوم کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر وزارت صحت سے پروجیکٹ منیجر محمد آفتاب احمد بھی موجود تھے۔ ٹی ڈی سی کے سی ای او نے بتایا کہ ہسپتال سب کو خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں اور نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی کے خطرات سے بچانے کے لئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گا کیونکہ ذیابیطس کے مریضوں کو تمباکو نوشی سے دوگنا خطرہ ہے اوریہ اس بیماری کی پیچیدگیوں میں اضافہ کرتا ہے۔

ڈاکٹر منہاج سراج اور طاہر عباسی نے تمباکو کے استعمال سے متعلق بیماریوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے مستقل بنیادوں پر مل کر کام کرتے رہنے کا عزم کیا۔

متعلقہ عنوان :