گاڑیوں کے پٹرول ، مرمت اور مہمانوں کی خاطر تواضع کے عوض 36لاکھ روپے کا خرد برد

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سیکرٹری عابد مسعود سمیت تین ملازمین کیخلاف مقدمہ درج کروادیا گیا

ہفتہ 5 ستمبر 2020 20:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2020ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گاڑیوں کے پٹرول ، مرمت اور مہمانوں کی خاطر تواضع کے عوض 36لاکھ روپے خردبرد کرنے کے الزام میں چیمبرآف کامرس کے سابق سیکرٹری عابد مسعود سمیت تین ملازمین کیخلاف مقدمہ درج کروادیا ، آن لائن کے مطابق فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا سکندر اعظم خاں نے تھانہ پیپلز کالونی میں دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ انہوںنے چیمبر کے سابق اخراجات کا آڈٹ کروایا تو ان کے علم میں یہ بات آئی کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکرٹری عابدمسعود نے اپنے دور میں چیمبر کے دو ملازمین شبیر حسین اور محمد نعیم سے ساز باز کرکے مختلف ٹورز کے دوران گاڑیوں کے پٹرول بلز ، خرید ومرمت ، کبوتروں کی خوراک (دانہ وغیرہ ) اور چیمبر کے مہمانوں کی خاطر تواضع اورچیمبر کے قانونی مشیر کے نام پر جعلی بل بنا کر تقریباً ً چھتیس لاکھ کی رقم خرد برد کرلی ہے جس پر مدینہ ٹائون پولیس نے بھاری رقم ہڑپ کرنے کے الزام میں مذکورہ مقدمات کیخلاف زیر دفعہ 506,471,468,467,408ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔