یواے ای میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں جولائی کے دوران 26.01 فیصد اضافہ

اتوار 6 ستمبر 2020 12:21

اسلام آباد ۔ 06ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26.01 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا تھا۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جولائی 2020ء میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرکا حجم 538.19 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26.01 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال جولائی میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 427.11 ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ زرمبادلہ دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے ملک ارسال کیا جس کا حجم 443.13 ملین ڈالررہا، گزشتہ سال جولائی میں دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے 277.21 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ دبئی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں 59 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ابوظہبی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے جولائی میں ترسیلات زرمیں کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی2020ء میں ابوظہبی میں مقیم پاکستانیوں نے 88.29 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال جولائی میں ابوظہبی میں مقیم پاکستانیوں نے 145.30 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔