رواں سال دنیابھرمیں ای کامرس کے شعبہ میں20 فیصد کی نمو متوقع ہے، عالمی اقتصادی فورم

اتوار 6 ستمبر 2020 12:21

اسلام آباد ۔ 06ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2020ء) عالمی اقتصادی فورم نے کہاہے کہ رواں سال کے دوران دنیابھرمیں ای کامرس کے شعبہ میں مجموعی طورپر20 فیصد کی نمو متوقع ہے۔ یہ بات عالمی اقتصادی فورم نے یوایس ریٹیل ڈیٹا بارے آئی بی ایم کی رپورٹ کے حوالہ سے کہی ہے۔رپورٹ کے مطابق کووڈ۔ 19 کی وبا کی وجہ سے رواں سال دنیا بھرمیں ریٹیل وڈیپارٹمنٹل سٹوروں کے کاروبارمیں مجموعی طورپر60 فیصد کی کمی کا امکان ہے تاہم دوسری طرف وبا کی وجہ سے آن لائن کاروبارکو فروغ حاصل ہوا اورای کامرس کے شعبہ نے رواں سال 5 سالہ ترقی کا سفر ایک ساتھ عبورکرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں ڈیپارٹمنل سٹورز کی فروخت میں 25 فیصد اوردوسری سہ ماہی میں مجموعی طورپر75 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سال رواںمیں ڈیپارٹمنٹل سٹوروں کے سیلز میں 60 فیصد کمی جبکہ ای کامرس کے سیلز میں 20 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق وبا نے خریداری کے حوالہ سے لوگوں کی ترجیحات کومتاثرکیاہے، رواں سال کپڑوں اورملبوسات کی آن لائن خریداری کا رحجان کم ہوا اس کے برعکس گروسریز ، مشروبات اورگھروں کو بہتربنانے والے سامان اورآلات کی فروخت میں بالترتیب 12، 16، اور14 فیصد کااضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔

رپورٹ میں امریکی شماریاتی ڈیٹا کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ سال کی دوسری سہ ماہی میں ای کامرس کا حجم 211.5 ارب ڈالرریکارڈکیا گیا جو پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 31.8 فیصد زیادہ ہے۔ دوسری سہ ماہی میں ای کامرس کا حجم مجموعی ریٹیل سیلز کا 16.1 فیصد ریکارڈکیاگیا۔

متعلقہ عنوان :