برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کی حکومتی سوچ قابل ستائش ہے، محمد اسلم طاہر

اتوار 6 ستمبر 2020 12:31

اسلام آباد ۔ 06ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2020ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے شراکت داروں کی مشاورت سے سٹریٹجک پالیسی تشکیل دی جائے، برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کی حکومتی سوچ قابل ستائش ہے جس کیلئے برآمدی شعبوں کے وفود کے بیرون ملک دورے اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد نا گزیر ہے، ریفنڈز سے ایف بی آر کا کردار ختم کرنے کا اقدام اس وقت ہی سود مند ثابت ہوسکتاہے جب پیچیدگیاں ختم کر کے سسٹم کوآٹو میشن پر منتقل کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے کارپٹ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر مین پرویز حنیف، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، ملک اکبر ، اعجاز الرحمان ، میجر (ر) اختر نذیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے برآمدات کے فروغ اور برآمدکنندگان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم ابھی بہت سے معاملات حل طلب ہیں۔

ریفنڈز کی ادائیگی کے حوالے سے بہت مشکلات درپیش ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کے اعلانات کو سراہتے ہوئے کہا کہ برآمدات کو سپورٹ کرنے کیلئے آئندہ بجٹ کا انتظار نہ کرنے کا فیصلہ بھی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شراکت داروں کو مشاورت کے عمل میں شامل کر کے حتمی پالیسیاں مرتب کی جائیں تاکہ مثبت نتائج حاصل ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :