وزارت نجکاری کی جانب سے وفاقی اداروں کی غیر استعمال شدہ 5 پراپرٹیز کی بولی کم از کم 14 کروڑ 5 لاکھ 25 ہزار کے مقابلہ میں 15 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی

پیر 7 ستمبر 2020 15:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2020ء) وزارت نجکاری کی جانب سے وفاقی اداروں کی غیر استعمال شدہ 5 پراپرٹیز کی بولی 15 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی، ان جائیدادوں کی فروخت کرنے کے لئے نجکاری کمیشن نے کم از کم قیمت 14 کروڑ 5 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کی تھی۔ پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں وفاقی اداروں کی پانچ مختلف پراپرٹیز کی فروخت کا حوالہ سے منعقدہ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ غیر استعمال شدہ سرکاری املاک کی نجکاری کے حوالہ سے یہ ایک اچھی ابتدا ہے۔

آکشن کے عمل میں شریک سرمایہ کاروں نے بھر پور دلچسپی اور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے وزارت نجکاری اور دیگر شراکت داروں پر مشتمل ٹیم نے بڑی محنت سے کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں ے کہا کہ آکشنز کا عمل ملک کے دیگر شہروں میں بھی جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروگ کے لئے کام کررہی ہے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع مختلف اداروں کی غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔

واضح رہے کہ وزارت نجکاری کی جانب سے ایرا کی ملکیتی پانچ مختلف املاک کی نجکاری کی گئی ہے جن میں پیر سوہاوہ، ہری پور میں 10 اور 9 مرلہ زمین، 2 پینٹ ہائوسز، سینٹورس مال میں ایک اپارٹمنٹ اور پی ایچ اے فائونڈیشن کے فلیٹس میں ایک فلیٹ شامل تھا۔ ان املاک کی کم از کم قیمت بالترتیب 55 لاکھ 25 ہزار، 3،3 کروڑ، 6 کروڑ اور ایک کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر ک یگئی تھی۔

مندرجہ بالا املاک کی کم از کم قیمت فروخت مجموعی طور پر 14 کروڑ 5 لاکھ 25 ہزار روپے بنتی تھی تاہم بولی میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے نتیجہ میں پانچ مختلف املاک 15 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوئی ہیں۔ اس طرح سرکاری خزانہ کو ہدف سے ایک کروڑ 59 لاکھ 25 ہزار روپے زیادہ موصول ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں واقع ایرا اور واپڈا کی 13 مختلف املاک کی بولی 9 ستمبر 2020ء کو صبح ساڑھے نو بجے فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہو گی۔