پولیس کا کام ہے حفاظت کرنا، مبارک باد کس بات کی دے رہے ہیں، کیا عید ہے ان کی: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین

ایک عورت کی زندگی برباد ہوگئی، اس کے بچے اب کبھی نارمل نہیں ہو سکیں گے اور ہم مبارک بادیں دے رہے ہیں: رکن قومی اسمبلی کا ٹویٹ

Ahmad Tariq احمد طارق اتوار 13 ستمبر 2020 00:32

پولیس کا کام ہے حفاظت کرنا، مبارک باد کس بات کی دے رہے ہیں، کیا عید ہے ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2020ء) قومی اسمبلی کے رکن اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ پولیس کا کام ہے حفاظت کرنا مجرم پکڑنا، فرض کی بخوبی ادائیگی کرنا، مبارک باد کس بات کی دے رہے ہیں، کیا عید ہیں ان کی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں عامر لیاقت نے کہا کہ ایک عورت کی زندگی، زندگی بھر کے لیے برباد ہوگئی، اس کے بچے اب کبھی نارمل نہیں ہو سکیں گے اور ہم مبارک بادیں دے رہے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے شاعری انداز اپناتے ہوئے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ "یہی ڈبودیں گے کشتی جنہیں ناخدا بنا رکھا ہے"۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ے وزراء اور آئی جی پنجاب پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اور میری ٹیم نے سائنٹیفک طریقے سے کیس کی تحقیقات کیں۔

(جاری ہے)

72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اس دلخراش واقعے کے اصل ملزمان تک پہنچے ہیں۔

میں یقین دلاتا ہوں جن درندوں نے یہ ظلم کیا ہے وہ بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ میں پنجاب پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایسے واقعے کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ میں نے کچھ دیر قبل متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ کیا اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ خاتون کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

جب سے یہ واقعہ ہوا ہے ہمارے پولیس افسران مسلسل خاتون کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ملزمان کی شناخت ہوئی ہے ان ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کو 25، 25 لاکھ انعام دینے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ ایسے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ اس موقع آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے بتایا کہ ہم ملزمان کے پیچھے ہیں جلد گرفتار کرلیں گے۔