متنازع فلم ریلیز کرنے پر حمزہ عباسی نے نیٹ فلیکس کی سبسکرپشن ختم کردی

حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ اپنی ایک ٹوئٹ میں ’’نیٹ فلیکس‘‘ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ’ ’کیوٹیز‘‘ کی ریلیز منسوخ کرے

منگل 15 ستمبر 2020 12:10

متنازع فلم ریلیز کرنے پر حمزہ عباسی نے نیٹ فلیکس کی سبسکرپشن ختم کردی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2020ء) معروف اداکارہ حمزہ علی عباسی نے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’’نیٹ فلیکس‘‘ کی جانب سے متنازع بولڈ فلم ’’کیوٹیز‘ ‘ریلیز کرنے پر ویب سائٹ سائٹ کی سبسکرپشن ختم کردی۔حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ 31 اگست کو اپنی ایک ٹوئٹ میں ’نیٹ فلیکس‘ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ’کیوٹیز‘ کی ریلیز منسوخ کرے۔

حمزہ علی عباسی کی طرح دنیا بھر سے کئی شوبز شخصیات اور عام افراد نے بھی ’نیٹ فلیکس‘ سے مذکورہ بولڈ و متنازع فلم کی ریلیز کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔علاوہ ازیں ’نیٹ فلیکس‘ کے خلاف آن لائن پٹیشن بھی جاری کی گئی تھی، جس پر دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے دستخط کرکے اسٹریمنگ ویب سائٹ سے فلم ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

لوگوں کی طرح ترکی کی حکومت نے بھی ’نیٹ فلیکس‘ کو متنازع بولڈ فلم ’کیوٹیز‘ کو ریلیز نہ کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اس باوجود اسٹریمنگ ویب سائٹ نے فلم کو ریلیز کردیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’کیوٹیز‘ کو دنیا کے کتنے ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے، تاہم اسٹریمنگ ویب سائٹ نے امریکا، یورپ، ایشیا و افریقہ کے متعدد ممالک میں فلم کو ریلیز کردیا۔لوگوں کے احتجاج کے باوجود فلم کو ریلیز کیے جانے پر حمزہ علی عباسی نے نیٹ فلیکس کی سبسکرپشن ختم کرتیہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اسٹریمنگ ویب سائٹ کا بائیکاٹ کریں۔

حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں ’نیٹ فلیکس‘ کی سبسکرپشن ختم کرنے کا نوٹی فکیشن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے پاس اسٹریمنگ ویب سائٹ کی سبسکرپشن ختم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔انہوں نے اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے متنازع فلم کو ریلیز کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اب مین اسٹریم میڈیا سافٹ پورن کا مرکز بن چکی ہے۔انہوں نے مداحوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی ’نیٹ فلیکس‘ کی سبسکرپشن ختم کریں۔