بگ 3 کی طاقت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کیلئے کیلئے قرنطینہ رولز تبدیل

آئی پی ایل کھیلنے آنے والے کینگروز،برطانوی کرکٹرز اب 6 دن کی بجائے صرف 36 گھنٹے قرنطینہ میں گزاریں گے

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:59

بگ 3 کی طاقت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کیلئے کیلئے قرنطینہ ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2020ء ) یہ بھارتی کرکٹ کی طاقت ہے یا دہرے معیار کی ایک اور بڑی مثال کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھی کووڈ 19رولز میں تبدیلی کردی ہے،اسے ہائی کلاس سٹیٹس کہہ لیں یا پھر بگ تھری کے ایک ملک کا باقی 2 کو سلیوٹ کہ آئی پی ایل کھیلنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں لینڈ کرنیوالے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کرکٹرز کے لئے کووڈ 19رولز تبدیل ہوگئے ہیں، جمعرات کو انگلینڈ سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعہ دبئی اترنے والے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے 21 کرکٹرز کے لئے رولز میں بڑی نرمی کردی گئی ہے ،یہ کھلاڑی اب 6 دن کی بجائے صرف 36 گھنٹے قرنطینہ میں گزاریں گے۔

آئی پی ایل کےآفیشل نے نہایت ہی فخر سے اعلان کیا ہے کہ ساروگنگولی کی لیڈر شپ میں کام کرنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ نےعرب امارات کی اتھارٹیز سے کامیاب مذاکرات کرکے تمام کرکٹرز کےلئے ریلیف لے لیا ہے اوراب یہ کرکٹرز صرف 36 گھنٹے قرنطینہ میں گزاریں گے جبکہ اس سے قبل 6 دن کی شرط تھی،اس طرح قریب تمام کھلاڑی 19 ستمبر سے شروع ہونے والی لیگ کے تمام میچز کےلئے دستیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انگلش کپتان این مورگن،ٹام بینٹن اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو 6 روزہ قرنطینہ سے گزرنا ہوگا ،یہ تینوں کرکٹرز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 23 ستمبر کے پہلے میچ کے لئے دستیاب نہیں ہونگے کیونکہ ابو ظہبی نے اپنے رولز میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ اگرچہ دبئی پہنچ گئے ہیں لیکن ان کی فٹنس پر کام جاری ہے جو انگلینڈ کے خلاف تینوں ایک روزہ میچز نہیں کھیل سکے تھے۔