زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی دی جائے گی، قانون تیار کررہے ہیں، فیصل جاوید

شہباز شریف نے کہا کہ ریپ کا واقعہ موٹر وے پر ہوا جسے نواز شریف نے بنایا،کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، سینٹ میں اظہار خیال

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:05

زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی دی جائے گی، قانون تیار کررہے ہیں، فیصل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر وسیم شہزاد نے کہاہے کہ حکومت جنسی زیادتی کو روکنے کیلئے ایک قانون لانا چاہ رہی ہے، ہمیں اچھے پولیس افسران کی مدد چاہیے نہ کہ راؤ انوار اور عابد باکسر جیسے افسران کی۔ سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ زیادتی کرنیوالے کو سرعام پھانسی کی سزا دیکر عبرت کا نشانہ بنایاجائیگا، اس حوالے سے ایک بل بھی تیار کررہے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جو بچوں کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں وہ انسان نہیں، وحشی درندے ہیں، وزیر اعظم نے اس حوالے سے قانون سازی کی ہدایت کی ہے، زیادتی کا شکار افراد کے کیسز رپورٹ کرنے کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات بڑھ رہے ہیں کیونکہ لوگوں میں خوف نہیں، بعض وزراء اور ارکان پارلیمان انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں تاہم حقوق انسانوں کے ہوتے ہیں، جو بچوں کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں وہ انسان نہیں، وحشی درندے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا قانون تیار کررہے ہیں جس کے تحت ریپسٹ کو نامرد بنایا جائیگا، ریپسٹ کا ڈیٹا بینک بنایا جائے گا۔فیصل جاوید نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ ریپ کا واقعہ موٹر وے پر ہوا جسے نواز شریف نے بنایا،کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، یہاں لیڈر کھڑے ہو کر لوگوں کے جذبات مجروح کررہے ہیں۔