متحدہ عرب امارات میں شادی سوچ سمجھ کر کریں

کوروناوبا کے دوران شادی کی بڑی تقریبات منعقد کرنے پر 8 افراد کو جیل ہوگئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 ستمبر 2020 16:58

متحدہ عرب امارات میں شادی سوچ سمجھ کر کریں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں وبا کے دوران شادی کی بڑی بڑی تقریبات منعقد کرنے والوں کی شامت آ گئی ہے بلکہ متعدد افراد کو جیل بھی جانا پڑ گیا ہے۔ ابوظبی اور راس الخیمہ میں شادی کی تقریبات کے دوران مہمانوں کا جمگھٹا لگانے اور گھر کے افراد کے علاوہ دیگر رشتہ داروں کو مدعو کرنے کے جُرم میں 8 افراد کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق سزا سُنائے جانے والے افراد میں دُلہا اور دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ ان افراد کوحکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے، حالانکہ کورونا کی وبا کے دوران حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ کوئی شادی بیاہ کی تقریبات مختصر رکھے جائیں گے۔ خاندانی تقریبات اور شادی کی تقریبات میں 10سے زائد افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہو گی، ورنہ جرمانے اورسزا کا سامنا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

مگر کچھ افراد نے شادی کو یادگار بنانے کے چکر میں زیادہ افراد کو بُلا لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے ایسی کئی شادی تقریبات پر چھاپے مارے گئے جس کے بعد دُلہا سمیت دیگر افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان شادی کی تقریبات میں اکثر مہمانوں نے ماسک بھی نہیں پہن رکھے تھے۔ اس کے علاوہ وہ ایک دوسرے کے بہت قریب قریب بیٹھ کر سماجی فاصلے کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی پائے گئے۔

جس سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ بھی پیدا ہوا۔ حالانکہ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NCEMA) اور وزارت صحت کی جانب سے واضح ہدایات تھیں کہ شادی کی کسی بھی تقریب اور خاندانی تقریب میں صرف انتہائی قریبی رشتہ دار ہی شامل ہو سکتے ہیں، جن کی تعداد 10 سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ ان افراد کو سنگین غفلت اور جان بوجھ کر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے کے جُرم میں سزا سُنا کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔