وزیراعظم عمران خان سے چین کے سفیر یائو جنگ کی الوداعی ملاقات

پاکستان کے عوام چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، چینی قیادت کی اپنے عوام کے لیے ترجیحات کو سراہتے ہیں، چینی قیادت نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے شاندار کردار ادا کیا ، ہم اقتصادی ترقی اور تخفیف غربت کے حوالے سے چین کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان

پیر 21 ستمبر 2020 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان سے چین کے سفیر یائو جنگ نے پیر کو یہاں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے میں ایمبیسیڈر یائو جنگ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے چینی قیادت کی اپنے عوام کے لیے ترجیحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے شاندار کردار ادا کیا ہے، ہم اقتصادی ترقی اور تخفیف غربت کے حوالے سے چین کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یائو جنگ کی پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی کے دوران سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوا ہے جس میں انڈسٹریلائزیشن ، زراعت اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، یہ منصوبہ علاقائی ترقی و خوشحالی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ان کے فروغ کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کی چین کی اعلیٰ قیادت پاکستان۔چین تعلقات کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن اور قیادت پاکستان میں تبدیلی کا موجب بنی ہے ، ملک سے غربت کے خاتمے اور عوامی فلاح و بہبود پر ان کی ذاتی توجہ کے ساتھ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

اس کے نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پورے خطے کے لئے فوائد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے خلاف پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے، کورونا کی دوسری ممکنہ لہر سے نمٹنے کے لئے دیگر ممالک کو بھی اسی پالیسی کو ماڈل بنانا چاہیے۔ چینی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کی قومی ترقی اور مقاصد کے حصول میں حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور چین کی شراکت داری کے حوالے سے ایمبیسیڈر یائو جنگ کی خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔