صوبائی حکومت صوبے میں معاشی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں،عبدالکریم

بدھ 23 ستمبر 2020 18:04

پشاور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتی پالیسی 2020 لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام، ھندارہ' میں براہ راست اظہار خیال کرتے ہوئے کیا،معاون خصوصی نے کہا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون صوبے کے عوام کے لیے ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس میں 128 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،جس کے ذریعے صوبے میں تجارت کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے، معاون خصوصی نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں صنعتی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو بروئے کار لایا جائیں کیونکہ یہ علاقے معدنی دولت سے مالامال ہیں، افغانستان کے ساتھ منسلک بارڈر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت ان کو تجارتی مقاصد کی خاطر کھولنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور اس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے،جس کی بدولت صوبے میں تجارت کا ایک نیا دور شروع ہوگا،اس سلسلے میں صوبائی حکومت ساوتھ وزیرستان وانہ اور نورک شمالی وزیرستان میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے فنی تعلیم کے حوالے سے کہا کہ صوبے میں فنی تعلیم کی فروغ اور ترقی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں تاکہ صوبے میں قائم صنعتی یونٹ کی ضروریات کو پورا کیا جائے اور ساتھ صوبے میں قائم ناکارہ صنعتوں کی بحالی کے لیے خصوصی اقدامات ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں گدون اور دیگر صنعتی زون میں کافی کام ہوچکا ہے جس سے پیداواری صلاحیت کافی بہتر ہوگئی ہے، کاٹیج انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی میں کاٹیج انڈسٹریز کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں اس وجہ سے کاٹیج انڈسٹری میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء بھی شرو ع کیا جا رہا ہے۔