ا*کلفٹن اور گلستان جوہر کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق

جمعرات 24 ستمبر 2020 09:47

-کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2020ء) کلفٹن اور گلستان جوہر کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ شیرشاہ میں گھر کے پانی کے ٹینک سے ایک شخص کی لاش ملی۔ تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بلاول ہائوس چورنگی کے قریب واقع فلیٹ میں کام کے دوران ایک شخص کرنٹ لگنے سے بیہوش ہوگیا جسے بیہوشی کی حالت میں قریبی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کی۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 21سالہ عمران ولد اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے جو کہ فلیٹ میں بجلی کا کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ تاہم ورثا بناکارروائی لاش ہمراہ لے گئے۔ شارع فیصل کے علاقے جوہر موڑ کے قریب گھر میں کام کے دوران 16 سالہ طحہ حسین ولد طارق حسین جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ورثا بناکارروائی کے لاش لے گئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں شیرشاہ کے علاقے شیرشاہ روڈ پنکھا ہوٹل کے قریب واقع گھر میں بنے پانی کے ٹینک سے ایک شخص کی پانی میں ڈوبی ہوئی لاش ملی اس اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا جہاں متوفی کی شناخت 55 سالہ عبدالمجید ولد جلال الدین کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ حادثاتی طور پر ٹینک میں گرکر جاں بحق ہونے کا لگتا ہے تاہم پولیس دیگر پہلوئوں پر بھی تفتیش کررہی ہے۔