ایڈیشنل سیشن جج I کی عدالت نے کھلابٹ مشہور تہرے قتل کیس میں نامزد ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں

جمعہ 25 ستمبر 2020 12:16

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) ایڈیشنل سیشن جج I کی عدالت نے کھلابٹ مشہور تہرے قتل کیس میں نامزد ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لیں، ملزمان کی جانب سے معروف قانون دان و سابق فنانس سیکرٹری ہائی کورٹ بار شعیب علی ایڈووکیٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔ 5 اگست 2011ء کو تھانہ کھلابٹ پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے اسحق خان ولد عبدل سید سکنہ ایبٹ آباد نے بتایا کہ اس کا بیٹا لو خان دیگر بچوں کے ساتھ اظہر حیات خان کے ڈیرہ پر بطور چوکیدار کام کرتا تھا، انہیں اطلاع ملی کہ لو خان، اس کی بیوی وارثی بی بی اور بچی راحیلہ بی بی کا قتل ہو چکا ہے، جب میں ڈیرہ ہذا پر پہنچا تو دیکھا کہ تینوں کی نعشیں خون میں لت پت پڑی تھی جن کو ملزمان رغدان شاہ، اورنگزیب سرتول اور سید داد نے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، وجہ عداوت رشتہ کا تنازعہ بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ مقدمہ بعد ازاں عدالت میں زیر سماعت رہا تاہم ملزمان رغدان شاہ، سرتول اور سید داد پانچ سال تک مفروری کی زندگی گذارتے رہے۔ ملزمان کی جانب سے معروف قانون دان و سابق فنانس سیکرٹری ہائی کورٹ بار شعیب علی ایڈووکیٹ نے ایڈیشنل سیشن جج ارباب سہیل کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ون کی عدالت نے تینوں ملزمان رغدان شاہ، اورنگزیب اور سید داد کی ضمانتیں منظور کرنے کا حکم جاری کر دیا۔