حکمرانوں کی تبدیلی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے‘ذکر اللہ مجاہد

کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری سے غریب عوام فاقوں پر مجبور ہے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 25 ستمبر 2020 18:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی تبدیلی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ریلیف کے نام پر قوم کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔ نااہلی حکومت نے بجلی، ادویات، کوکنگ آئل، گھی اور دودھ کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر بھر میں ہونے والی مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت بڑھا کر عوام پر 165 ارب کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری سے غریب عوام فاقوں پر مجبور ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کی پریشانیوں میں اضافہ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

آٹا، چینی، سبزیاں، دالوں سمیت تمام اشیاء ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے نام پرمسلسل دو سالوں سے بیوقوف بنا رہی ہے۔روزبروز بڑھتی بجلی، گیس، پٹرول، ڈالر کی قیمتوں اور اشیائے خورد و نوش کی ہوشربا گرانی نے عام کو تشویش میں مبتلا کررکھا ہے۔ ایک طرف ملک میں معاشی بدحالی کے ڈیرے ہیں، تو دوسری جانب ہر گزرتے دن کیساتھ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ہونے والی مہنگائی سے غریب اور متوسط طبقے کا جینا دوبھر ہو کررہ گیا ہے۔حکمران تقریروں اور نعروں سے عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔