سی پیک کے تحت ڈیجیٹل سلک روڈ پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے نیک شگون ثابت ہوگا

پیر 28 ستمبر 2020 11:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) سی پیک کے تحت ڈیجیٹل سلک روڈ پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے نیک شگون ثابت ہوگا۔ چینی کمپنی ہواوے کے ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل سلک روڈ کے تحت پاکستان اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بحالی کو یقینی بنائے گا۔چینی کمپنی ہواوے ماہرین کا 2017 میں ایک پاکستانی کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبہ تھا جو پاکستان کو کینیا اور جبوتی سے جوڑنے کے لئے پاک ایسٹ افریقہ کیبل ایکسپریس تعمیر کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل سلک روڈ کا تصور قومی ترقی اور اصلاحی کمیشن ، وزارت برائے امور خارجہ اور عوامی جمہوریہ چین کی وزارت تجارت کے ذریعہ 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ڈیجیٹل سلک روڈ پرکشش بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کا مقصد ایشیا ، مشرق وسطیٰ ، یورپ ، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے بیلٹ اینڈ روڈ والے ممالک میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ، خلائی تعاون کو مزید وسعت دینا ، مشترکہ ٹیکنالوجی کے معیار کو ترقی دینا اور انتظام و انصرام کے سسٹم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔