واپڈا ہسپتال لاہور میں تین نئے یونٹس کا اضافہ

واپڈا اپنے میڈیکل سروسز کے شعبہ میں مزید بہتری لانے کے لئے متعدد اقدامات اُٹھا رہا ہے‘مزمل حسین کارڈیک سنٹر، ناک ، کان اور گلے اور ریڈیالوجی کے شعبوں کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی پروپوزل فوری طور پر تیار کیا جائے‘چیئرمین واپڈا

بدھ 30 ستمبر 2020 15:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) واپڈا کی جانب سے اپنے ملازمین اور اُن کے اہل خانہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے واپڈا ہسپتال لاہور میں تین نئے یونٹس کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ جس میں نوزائیدہ بچگان نرسری امراض نسواں و زچگی ور انتہائی نگہداشت کے شعبے شامل ہیں ۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین نے نئے قائم کئے گئے یونٹس کا افتتاح کیا ۔

افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا اپنے میڈیکل سروسز کے شعبہ میں مزید بہتری لانے کے لئے متعدد اقدامات اُٹھا رہا ہے، تاکہ واپڈا ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو جدید طبی سہولیات میسر ہو سکیں ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر ظاہر کی کہ نئے شعبے واپڈا ملازمین کو بہترین سہولیات فراہم کر یں گے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کارڈیک سنٹر، ناک ، کان اور گلے اور ریڈیالوجی کے شعبوں کی اپ گریڈیشن کے لئے پروپوزل فوری طور پر تیار کیا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

اِس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر( ایڈمنسٹریشن ) واپڈا، جنرل منیجر (ایچ آر ڈی)، پرنسپل سٹاف آفیسرٹو چیئرمین ، ڈائریکٹر جنرل (میڈیکل سروسز) ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا ہسپتال میں 15 بیڈز پر مشتمل جدیدخطوط پر استوار نوزائیدہ بچگان نرسری میں دو یونٹ قائم کئے گئے ہیں جن میں تندرست بچہ کلینک اورہائی ڈیپینڈنسی کے یونٹس شامل ہیں ، جبکہ ہائبرڈ ٹائپ جدید سی سی یو 8 بیڈز پر مشتمل ہے جس میں 5وینٹیلیٹرز نصب کئے گئے ہیں اور دو بیڈز آئیسولیٹڈ انفیکشن کے لئے مختص کئے گئے ہیں ۔

سی سی یو میں سنٹرلائیزڈ لیبارٹری ، ریڈیالوجی اور ویسٹ مینجمنٹ کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔علاوہ ازیںجدید طبی سہولیات اور مشینری سے آراستہ لیبر وارڈ اور آ پریشن تھیٹربھی قائم کیاگیا ہے ، جس میں نارمل اور ایمرجنسی زچگی کی سہولیات موجود ہوں گی۔واضح رہے کہ واپڈا اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم کے ذریعے نہ صرف واپڈا ملازمین بلکہ تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں ، جنریشن کمپنیوں اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے ملازمین اور اِن کے اہل خانہ کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اِس مد میں سالانہ 5 اعشاریہ 7 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے ۔

مجموعی طور پر واپڈا کے ملک بھر میں 12 ہسپتال ہیں۔لاہور میں 250 بیڈز پر مشتمل ایک ہسپتال جبکہ 50 بیڈز پر مشتمل 8 ہسپتال پشاور ، تربیلا ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، ملتان ، حیدر آباد ، گدو اور کوئٹہ میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔ سکھر اور منگلا میں 20 بیڈز پر مشتمل ایک ایک ہسپتال ہے۔ علاوہ ازیں 12 فورٹیفائیڈ ڈسپنسریز ،17 بنیادی ڈسپینسریز اور 2 ایم آئی رومز بھی واپڈا میڈیکل سروسز کا حصہ ہیں ۔