غذائی ضروریا ت کو پورا کرنا کیلئے بڑھتی ہو ئی آبادی پر قابو پانا ضروری ہے ، کرنل(ر)ہاشم ڈوگر

بدھ 30 ستمبر 2020 17:19

غذائی ضروریا ت کو پورا کرنا کیلئے بڑھتی ہو ئی آبادی پر قابو پانا ضروری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی جیسا سنگین مسئلہ فی الفور توجہ طلب ہے، پنجاب کی آبادی جو اس وقت 11 کروڑ ہے اگر اب بھی اس پر قابو نہ پایا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب یہ 20سے 25 کروڑ ہوگی اور اجناس کی ضروریات کو پورا کرنا بھی نا ممکن ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاپولیشن کونسل اور یو این ایف پی اے کے تعاون سے پنجاب میں کم عمری کی شادی کے حوالے سے رپورٹ کا سیاسی و معاشی تجزیے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے آن لائن شر کت کی۔ صوبائی وزیرکرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ ہمارا قانون بھی 18 سال سے کم عمر بچہ ہو یا بچی کو بالغ قرار نہیں دیتا تو پھر بچیوں کی کم عمری میں شادی ان کے ساتھ ظلم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقامی حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ شادی کی کم از کم عمر 18 سال کرنے کے حوالے سے قانون پر جلد کام کرکے اسے اسمبلی میں پیش کرے اور اس سلسلے میں علما کونسل سے مشاورت کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔

علاوہ ازیں بچوں کے حقوق سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کو سخت کیا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ بچیاں کم عمری میں جسمانی طور پر اس قابل نہیں ہوتیں کہ وہ اتنی جلدی حمل اور بچے کی پیدائش کے عمل سے گزریں اس لیے ہم سب کو مل کر اس متعلق سوچنا ہو گا کیونکہ یہ بچہ اور بچی دونوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ تقریب میں سیکرٹری پاپولیشن علی بہادر قاضی سمیت مقامی حکومت کے نمائندے، محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ اور پاپولیشن کے افسران نے شرکت کی۔