متحدہ عرب امارات میں روسی ساختہ کورونا ویکسین کی دوسری انسانی آزمائش

منگل 13 اکتوبر 2020 12:56

متحدہ عرب امارات میں روسی ساختہ کورونا ویکسین کی دوسری انسانی آزمائش
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2020ء) : روس میں تیار کردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کی متحدہ عرب امارات میں انسانوں پر دوسری آزمائش کی جارہی ہے۔سپوتنک پنجم (وی) کا پہلا انسانی ٹرائل بیلاروس میں کیا گیا ہے۔کریملن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپوتنک پنجم کی دوسری انسانی آزمائش کے نومبر کے آخر میں نتائج متوقع ہیں۔روسی حکومت نے اگست میں اس کی ملک میں استعمال کی منظوری دی تھی۔

اس وقت اس کی ماسکو میں چالیس ہزار رضاکاروں پر آزمائش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

یو اے ای کی وزارت صحت نے ملک میں اس کے ٹرائل کی منظوری دی ہے۔اس عمل کو مقامی لیبارٹری پیورہیلتھ عملی جامہ پہنائے گی جبکہ روس کا خود مختار دولت فنڈ بیرون ملک کورونا وائرس کی اس ویکسین کی مارکیٹنگ کا ذمہ دار ہے۔روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ کیرل دمتریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یو اے ای میں ویکسین کی آزمائش کے نتائج کا روس اور دوسرے ممالک میں ٹرائل کے نتائج سے موازنہ کیا جائے گا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیر صحت عبدالرحمان بن محمد الاویس کا کہنا ہے کہ ملک میں دو سو سے زیادہ اقوام کے افراد مقیم ہیں،اس لیے یہاں ویکسین کا آزمائشی تجربہ سود مند رہے گا۔