ایف پی سی سی آئی نے کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کیلئے محکمہ صنعت وتجارت پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے ساتھ باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے،میاں انجم نثار

منگل 13 اکتوبر 2020 15:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2020ء) : لاہور۔13 اکتوبر (اے پی پی ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے پنجاب انڈسٹریز، کامرس، انویسٹمنٹ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (آئی سی آئی اینڈ ایس ڈی ڈی) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنا لوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے ساتھ کاروباری برادری کی سہولت اور صوبے میں صنعتی ترقی، تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے باہمی مفاہمت کی یادداشت کی دستاویزپر دستخط کئے ہیں۔

ایم او یو کے تحت ایف پی سی سی آئی، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ اور پی آئی ٹی بی نے کاروبار کرنے میں آسانی، تجارت اور صنعت کی سہولت کو آگے بڑھانے کے لئے قریبی تعاون قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس مفاہمتی یادداشت پر ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار، محکمہ انڈسٹری کے ڈائریکٹر جنرل رانا عبد الشکور اور پی آئی ٹی بی کے چیئرمین اظفر منظور نے اپنی اپنی تنظیموں کی جانب سے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کاروباری برادری کیلئے پنجاب بھر کی26 چیمبروں میں سہولت ڈیسک تشکیل دے گا جبکہ فیڈریشن چیمبر ان کے دفتر کے احاطے میں ان ڈیسکوں کے قیام کیلئے پنجاب بھر کے تمام چیمبروں کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا، اس کے علاوہ قائم ڈیسک پر متعلقہ چیمبر کے ذریعہ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تعیناتی کو بھی یقینی بنائے گا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی، آئی سی آئی ، ایس ڈی ڈی اور پی آئی ٹی بی کاروباری درجہ بندی میں بہتری لانے کے لئے باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی مزیدبڑھانے میں تعاون کریں گے، اس کے علاوہ کاروبار میں آسانی سے متعلق سیمینار اور کانفرنسوں کا مشترکہ اہتمام کریں گے۔

میاں انجم نثار نے کہا کہ وہ آسانی کے ساتھ کاروبار کے بارے میں مشاورتی کونسلوں، کمیٹیوں اور مشاورتی خدمات میں شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ اور سرکاری محکمے ای او ڈی بی اور دیگر ٹیکنالوجی کی ترقی اور تحقیقی شعبوں سے متعلقہ آر اینڈ ڈی اقدامات مشترکہ طور پر بھی شروع کریں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس مفاہمت کے تحت پی آئی ٹی بی سہولت ڈیسک کے قیام کیلئے درکار کاروباری آغاز (دوسرے مرحلی) کیلئے منظور شدہ منصوبے کے تحت فرنیچر اور آئی ٹی آلات کی خریداری کی ذمہ داری قبول کرے گی۔

میاں انجم نثار نے کہا کہ پی آئی ٹی بی چیمبرز کے ذریعہ نامزد انسانی وسائل کی تربیت کرنے کے سلسلے میں اقدامات کرے گی نیز آگاہی اجلاس منعقد کرنے میں بھی سہولت فراہم کرے گی، اس ایم او یو کا مقصد دونوں تنظیموں کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ وہ ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری دوست ماحول کے لئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک جامع اصلاحاتی پروگرام وضع کرے جہاں پرائیویٹ سیکٹر کو بنیادی کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ وہ ملک میں ملازمت کے اہم مالک اور مستفید ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کا مقصد شفافیت سے منسلک طریقوں کے ذریعے گورننس کی تکنیک کو جدید بنانا ہی نہیں بلکہ شہریوں کی ڈیجیٹل خواندگی میں بھی اضافہ کرنا ہے۔