کاروباری برادری کو سستے، محفوظ اور تیز زرائع نقل و حمل کی فراہمی یقینی بنائی جائے ‘لاہور چیمبر

منگل 13 اکتوبر 2020 22:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2020ء) اندرون مُلک کے تاجروں کو سامان کی نقل و حمل اور اپنی کھیپ کو کلئیر کروانے کے لئے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے،فریٹ سسٹم بشمول، روڈ، ہوائی سفر ، سمندر اور ریل مین بہت ساری تبدیلیوں اور بہتریوں کی ضرورت ہے اور اسے جدید بنیادوں پر استوار کیا جانا چاہئے ۔ نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) پیشہ ورانہ بنیادوں پر خدمات فراہم کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے سی ای او نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کرنل (ر) عبدالقیوم اور آفیسر کمانڈنگ ڈرائی پورٹ، این ایل سی، لاہور میجر (ر) محمد فیصل بٹ سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری موثر فریٹ کے نظام کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ انہیں اپنے سامان کی نقل و حمل کو گوداموں تک لے جانے کے لئے اضافی وقت نہ لگانا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال اپنی ڈوئنگ بزنس کی درجہ بندی کو بہتر کرکے 108 واں مقام حاصل کیا ہے، اس طرح این ایل سی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بھی اسے مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے این ایل سی انتظامیہ سے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی وقت دے کر لاہور چیمبر کا دورہ کریں تاکہ ممبران اپنی مشکلات سے آگاہ کر سکیں ۔سی ای او این ایل سی کرنل (ر) عبد القیوم نے کہا کہ این ایل سی سرحدوں پر فریٹ فارورڈنگ، کارگو ہینڈلنگ کی خدمات، کنٹینر،ڈرائی پورٹس بھی مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی نے تاجر برادری کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہوائی، سڑک اور ریل کے معاوضوں کی شرحوں میں کمی کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ایل سی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر بزنس کمیونٹی کے ساتھ مزید تعاون کرنا چاہتا ہے۔ مواصلات اور باہمی رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکا مقصد درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو ان کی نقل و حمل کے سستے زرائعے اور کم نرخوں میں فراہمی کو یقینی بنانا چاہتا ہے اور لاہور کی تجارتی برادری کو مزید فروغ دینے کے لئے، ریل فیڈ بندرگاہ کی سہولت کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو ڈور سٹیپ پر فائدہ دیا جا سکے ۔