حفیظ سنٹر کے باہر تاجر آپس میں لڑ پڑے

تاجر دکانوں سے سامان نکال کر حفیظ سنٹر کے سامنے رکھ رہے ہیں، سامان رکھنے کے تنازعے پر تاجران کے دو گروپوں کا آپس میں جھگڑا شروع ہو گیا، ہاتھا پائی ہونے پر پولیس نے بیچ بچاؤ کیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 18 اکتوبر 2020 13:18

حفیظ سنٹر کے باہر تاجر آپس میں لڑ پڑے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 18 اکتوبر 2020ء) لاہور حفیظ سنٹر کے باہر تاجروں کے دو گروپ آپس میں لڑ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق حفیظ سنٹر میں آگ لگنے کے بعد دکانوں میں موجود سامان جل گیا، کئی تاجروں نے اپنی دکانوں سے سامان باہر نکال کر رکھ رہے ہیں۔ تاجر سارا سامان حفیظ سنٹر کے سامنے رکھ رہے ہیں، تاجر اس نقصان پر شدید رنجیدہ و غصے میں ہیں۔

اس موقع پر سامان رکھنے کے تنازعے پر تاجران کے دو گروپوں کا آپس میں جھگڑا شروع ہو گیا ۔ تاجروں نے ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کی، موقعے پر موجود پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے بیچ بچاؤ کروایا۔ یاد رہے کہ حفیظ سنٹر میں آگ لگنے کے باعث تاجروں کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے جس کے بعد تاجر شدید دکھ میں مبتلا ہیں۔ حفیظ سنٹر کے باہر کئی تاجر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ لاہور انتظامیہ اور ریسکیو کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سب سے پہلے چھت پر پھنسے افراد کو باہر نکالا جائے اور دیگر شہروں سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی جائیں تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پلازے میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنا ترجیح ہے۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ اس وقت فائر بریگیڈ کی 33گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اور ریسکیو کے 70 اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق شیخوپورہ سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو کہ اب تین منزلوں تک پھیل چکی ہے۔

واضح رہے کہ صبح 6 بجے گلبرگ کے معروف الیکٹرانکس پلازے حفیظ سنٹر میں آگ لگنے سے پچاس سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔ آگ پلازے کی دوسری منزل پر لگی تھی جو اب چوتھی منزل تک پھیل چکی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث دوسرے اضلاع سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکار پلازے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

آگ زیادہ پھیلنے کے باعث انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے 50 سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں، آگ حفیظ سنٹر کی دوسری منزل پر لگی، شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ نے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آگ لگنے پر ایک متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ دکانوں سے سامان نکال رہے ہیں۔ 40 سے 50 کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔