دبئی حکومت کا شادی کی تقریبات کی اجازت دینے کا اعلان

پبلک سیفٹی کے حوالے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پر لازمی طور پر عمل کرنا ہوگا ،سپریم کمیٹی

پیر 19 اکتوبر 2020 15:09

دبئی حکومت کا شادی کی تقریبات کی اجازت دینے کا اعلان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) دبئی کی حکومت نے کورونا لاک ڈان میں نرمی کے بعد شادی کی تقریبات کی اجازت دینے کا اعلان کردیا۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی حکومت نے 22 اکتوبر سے شادی ہالز، ہوٹلوں اور دیگر عارضی مقامات پر شادیوں کی اجازت دینے کا مشروط اعلان کیا۔عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ دبئی کی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سپریم کمیٹی کا کہناتھاکہ تقریب میں شرکت کرنے والوں کو پبلک سیفٹی کے حوالے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پر لازمی طور پر عمل کرنا ہوگا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق شادی ہالز میں منعقد کی جانے والی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 200 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی اور تقریب کے شرکا کو لازمی طور پر ماسک کا استعمال کرنا ہوگا جب کہ ٹینٹ لگا کر کی جانے والی تقریب میں زیادہ سے زیادہ 30 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

سپریم کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ایک ٹیبل پر زیادہ سے زیادہ پانچ افراد بیٹھ سکیں گے اور مہمانوں کے ایک دوسرے کے سامنے بیٹھنے پر پابندی ہوگی جب کہ ہر فرد کے درمیان 1.5 میٹر کا فیصلہ ہوگا اور ٹیبلز کے درمیان یہ فاصلہ 2 میٹر تک رکھا جائے گا۔

سپریم کمیٹی کے ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہوٹل، شادی ہالز اور گھروں سمیت عارضی مقامات پر کی جانے والی تقریبات صرف 4 گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہیں جب کہ بزرگ سمیت کھانسی اور بخار کی علامات والے افراد کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں اب تک کورونا کے ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 463 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔