Live Updates

مزار قائد بے حرمتی کیس ، علی زیدی کا ایف آئی آر میں نامزد دیگر افراد کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ

قانون ہرحال میں نافذ ہونا چاہئے، مریم نواز ایک مرتبہ پھر جھوٹ بول رہی ہیں کہ ہوٹل کا دروازہ توڑا گیا۔ ویڈیواس کے برعکس ہے، وفاقی وزیر

پیر 19 اکتوبر 2020 17:17

مزار قائد بے حرمتی کیس ، علی زیدی کا ایف آئی آر میں نامزد دیگر افراد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیربحری امورعلی زیدی نے ایف آئی آر میں نامزد دیگر افراد کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم کرپٹ سیاستدانوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ مزارِ قائد کی بیحرمتی کرنے والے اوباشوں کیخلاف آئی جی سندھ کی فوری کارروائی قابل تحسین ہے۔

سماجی میڈیا پر اپنی کئی ٹوئٹس میں انہوں نے کہاکہ قانون ہرحال میں نافذ ہونا چاہئے، مریم نواز ایک مرتبہ پھر جھوٹ بول رہی ہیں کہ ہوٹل کا دروازہ توڑا گیا۔ ویڈیواس کے برعکس ہے۔ آپ کو کوئی ہتھکڑی دکھائی دے رہی ہے یا لگتا ہے کہ اسے زبردستی گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ووٹ کی نام نہاد عزت کے نعرے مارنے والوں کیلئے ایک پیغام ہے کہ کردار، رویے اور اخلاق سے ووٹ کی عزت طے ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ مجرموں کے خالی نعرے مارنے سے ووٹ کا تحفظ ممکن ہے نہ ہی ووٹر کا حق محفوظ ہوتا ہے۔ یہ قوم کرپٹ سیاستدانوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔علی زیدی نے کہا کہ مزار قائد کے دیگر غنڈوں کی گرفتاری کا انتظار ہے۔ ایف آئی آر میں سیکڑوں نامزد ہیں، مریم نواز اور نہال ہاشمی سمیت بہت سے چہرے واضح ہیں، اگر زبیر عمر وہاں تھے تو انہیں بھی گرفتار کرلیا جائے۔ صرف جوکر کو کیوں گرفتار کیا اداکاروں کو گرفتار کیا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات