ٹرمپ نے کورونا معاملے پر بزدلی کا مظاہرہ کیا، جوبائیڈن

ٹرمپ کورونا وبا کو سنجیدگی سے لینے کے لیے تیار ہی نہیں،امریکی صدارتی امیدوار کی تنقید

منگل 20 اکتوبر 2020 13:54

ٹرمپ نے کورونا معاملے پر بزدلی کا مظاہرہ کیا، جوبائیڈن
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) امریکا کے صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹ چیلنجر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹھیک کہتے ہیں کہ لوگ تنگ آگئے ہیں۔ مگر عوام کورونا وائرس کے بارے میں ٹرمپ کے بار بار جھوٹ بولنے سے تنگ آئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ امریکی عوام اس بات سے تنگ آئے ہیں کہ کورونا سے اموات بڑھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ملازمتیں ختم ہورہی ہیں اور ٹرمپ کورونا وبا کو سنجیدگی سے لینے کے لیے تیار ہی نہیں۔جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے منصوبے کی بجائے ماہرین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کورونا کے معاملے پر بزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر کورونا وبا کی اصل صورتحال سے ملک کو خبردار کرنیوالے ڈاکٹر فاوچی سے ناراض ہوگئے۔ مایہ ناز ماہر انفیکشیئس ڈیزیز ڈاکٹر فاوچی کو ملک کے لیے تباہی قرار دے دیا اور کہا کہ جو بائیڈن، ڈاکٹر فاوچی کی باتیں سننا چاہتے ہیں۔