پیارے آقاؐساری کائنات کے بادشاہ ہیں، علامہ محمد الیاس قادری

منگل 20 اکتوبر 2020 17:58

پیارے آقاؐساری کائنات کے بادشاہ ہیں، علامہ محمد الیاس قادری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) امیر اہلسنت مولانا محمد الیاس قادری ے کہا ہے کہ اللہ پاک نے اپنے پیارے اورآخری نبیؐکو وہ حسن وجمال عطا فرمایا کہ جس کی مثال نہیں ملتی اور مثال ملے بھی کیسے کیونکہ اللہ پاک نے آپ جیسا حسین وجمیل اور بنایا ہی نہیں ،حسن وجمال مصطفی ؐایسا تھا کہ کوئی کہتا کہ رخ روشن سے نور کی کرنیں نکلتی تھی تو کوئی کہتا کہ چاند سے زیاد ہ حسین وجمیل ہیں،تو کوئی کہتا کہ آپ ؐسے بڑھ کوئی خوبصورت دنیا میں آیا ہی نہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ماہ میلاد کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مدنی مذاکرے میں بیان کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ پیارے آقا ؐجیسا حسین وجمیل کسی آنکھ نے دیکھا ہی نہیں،آپ جیسا کوئی خوبصورت پیدا ہوا ہی نہیں ،ساری کائنات کی بادشاہت کا تاج آپ ؐکے سر پر ہے ،آپ ؐساری کائنات کے بادشاہ ہیں ، آپ ؐزمین وآسمان کی عظیم سلطنت کے بادشا ہ ہیں۔

(جاری ہے)

آپ ؐکے دو وزیر آسمانوں میں حضرت جبریل اور حضرت میکائل علیہ السلام اورزمین کے دو وزیر حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ اللہ عزوجل کے رسول ؐباکمال ہیں ،اگر رسول بے مثال ؐکا حسن مبارک مکمل طور پر ظاہر ہوجاتا تو کوئی آنکھ اس حسن کو نہ دیکھ سکتی،آپ ؐکا اعلیٰ مقام آپ ؐکے رب عزوجل کے سوا کوئی نہیں جانتا۔امیر اہلسنت نے عاشقان میلاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ؐکے موقع پر خوب نماز کا اہتما م کریں ،درود شریف کی کثرت کریں۔

متعلقہ عنوان :