بلاول کا دورہ گلگت بلتستان ، پی آئی اے کی پرواز 4 گھنٹے پہلے ہی روانہ

قومی ایئر لائن کی پرواز صبح 9 بجے ہی روانہ کردی گئی ، جس کا مقررہ وقت دوپہرایک بجے کا ہے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اکتوبر 2020 14:42

بلاول کا دورہ گلگت بلتستان ، پی آئی اے کی پرواز 4 گھنٹے پہلے ہی روانہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ گلگت بلتستان کے لیے قومی ایئرلائن کی پروازاعلان کردہ وقت سے 4 گھنٹے پہلے ہی روانہ ہوگئی۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے اسلام آباد سے اسکردوجانے والی پرو ازپی کے 451 کا شیڈول چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے دورہ اسکردو کی وجہ سے تبدیل کرتے ہوئے پرواز چار گھنٹہ پہلے صبح 9 بجے ہی روانہ کردی، جس کا مقررہ وقت دوپہرایک بجے کا ہے ، تاہم پی آئی اے انتظامیہ کی طرف سے پروازکے مسافروں کو وقت کی تبدیلی کا پیغام بھجوایا گیا لیکن اس کے باوجود پی کے 451 سے اسلام آباد سے اسکردو جانے والے مسافر اپنی منزل کے لیئے سفر نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف قومی ایئرلائن نے عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے حجاز مقدسہ کے سفر پر 12 فیصد خصوصی رعایت دے دی ، تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ پر خصوصی پیکیج متعارف کر وایا گیا ہے، جس کے تحت جشن ولادت رسول ﷺ کے موقع پر حجاز مقدسہ کا سفر کرنے والے صارفین کو 12 فیصد کی خصوصی رعایت دی گئی ہے ، اس سلسلے میں یکم تا 12 ربیع الاول کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ سفر پر مسافروں کو 12 فیصد رعایت حاصل ہوگی ، اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کو 12 کلو اضافی سامان لے کر جانے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ، جب کہ یہ پیکیج جدہ اور مدنیہ منورہ جانے اور آنے والے دونوں سفر پر کے لیے کارآمد ہوگا ، کیوں کہ بحیثیت قومی ائیرلائن پی آئی اے ہمیشہ خصوصی مواقع جوش و جذبے سے مناتی ہے، اسی جذبے کے تحت خصوصی پیکج کا مقصد بھی جشن ولادت رسولﷺ کی خوشیوں میں قوم کے ساتھ شامل ہونا ہے ۔