میڈیا کالونی میں گیس اور بجلی کی فراہمی کے لئے ادائیگیاں پی ڈی اے خود کرے،محمودخان

میڈیا کالونی تک رابطہ سڑک کی توسیع کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بدھ 21 اکتوبر 2020 18:38

میڈیا کالونی میں گیس اور بجلی کی فراہمی کے لئے ادائیگیاں پی ڈی اے خود ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو پشاور میڈیا کالونی کے باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کالونی میں گیس اور بجلی کی فراہمی کے لئے ادائیگیاں پی ڈی اے خود کرے۔

وزیراعلیٰ نے پی ڈی اے حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ میڈیا کالونی تک رابطہ سڑک کی توسیع کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مشکلات کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں سینئر صحافی اسماعیل خان کے علاوہ عمران یوسفزئی اور شہزادہ فہد بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش ،سیکرٹری انفارمیشن ارشد خان، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن امداد اللہ اور ڈا ئریکٹر جنرل پی ڈی اے سید ظفر علی شاہ بھی اس موقع پر موجودہ تھے۔ وفد کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے مجوزہ پشاور ماڈل ٹاؤن میں پشاور کے صحافیوں کے میڈیا انکلیو کے لئے زمین مختص کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔