پھل فروش ، کریانہ اسٹور اور دودھ فروش بھی ’شاپر‘ استعمال نہیں کرسکتے

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں چھوٹے دکانداروں کو بھی پولی تھین بیگز کے استعمال سے روکنے کا حکم جاری کردیا، محکمہ ماحولیات سے آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 12:57

پھل فروش ، کریانہ اسٹور اور دودھ فروش بھی ’شاپر‘ استعمال نہیں کرسکتے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے صوبہ پنجاب میں پھل فروش ، دودھ فروش اور پرچون دکانداروں کو بھی پولی تھین بیگ کے استعمال سے روک دیا گیا۔ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی طرف سے ابو ذر سلمان نیازی نامی ایک شہری کی طرف سے دائر کی گئی پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کی گئی ، شہری نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ محکمہ ماحولیات کی طرف سے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا جارہا ، جس کی وجہ سے پولی تھین بیگز کے استعمال سے ماحولیات آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ عدالت کی جانب سے پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے ، جس کی بنا پر لاہور ہائی کورٹ نے صوبے بھر میں پھل فروش ، دودھ فروش اور پرچون دکانداروں کو بھی پولی تھین بیگز کے استعمال سے روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ، محکمہ ماحولیات سے آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی ، ،پنجاب میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی ، سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولی تھین بیگز ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہے ہیں ،جس پرعدالت نے پنجاب بھر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس کا استعمال روکنے پر سختی سے عمل کرانے کے احکامات بھی جاری کردیے۔

اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور سندھ میں بھی پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ،محکمہ ماحولیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر اگر بر وقت قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین نتائج مرتب ہو ں گے ، حکومت کی طرف سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے کی جانے والی کاو شوں میں ہر فرد نہ صرف حصہ لے بلکہ اس مسئلہ کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اپنا مثبت کر دار ادا کرے ، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا عصر وقت کا تقا ضا ہے ،پولی تھین کے لفافو ں کے غلط استعمال کو روکنا،پولی تھین لفافوں کے بڑھتے ہو ئے رجحانات کے دیگر عوامل پر قابو پانا وقت کی ضرورت ہے ، پولی تھین کے لفافے مختلف اقسام کا زہریلہ کمیکل چھوڑتے ہیں جو کہ ما حول کو نتہائی آلو دہ کر نے کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ انسانوں ، جانوروں اورجانداروں کیلئے بھی انتہائی خطر ناک ہے ، ان پلاسٹک بیگز کی تلفی، زمینی پانی کیلئے بھی نقصان دہ ہے ہو جوہم سب روزانہ بنیا د کی استعمال کر رہے ہیں ۔