پنجاب یونیورسٹی کے قریب پولیس مقابلہ ، گولی لگنے سے راہگیر طالبہ جاں بحق

3 ڈاکووَں نے سمن آباد میں واقع ملت پارک میں یکے بعد دیگرے وارداتیں کیں ، جن کا پنجاب یونیورسٹی کے قریب ڈولفن فورس اور پولیس ریسانس یونٹ سے آمنا سامنا ہو گیا ، مقابلے کے بعد تینوں ڈاکووَں کو ڈولفن فورس نے زندہ گرفتار کرلیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 15:08

پنجاب یونیورسٹی کے قریب پولیس مقابلہ ، گولی لگنے سے راہگیر طالبہ جاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے میں گولی لگنے سے راہگیر طالبہ جاں بحق ہوگئی ، ڈولفنس فورس نے 3 ڈاکو گرفتار کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق تینوں ڈاکووَں نے لاہور کے علاقے سمن آباد میں واقع ملت پارک میں یکے بعد دیگرے وارداتیں کیں ، جس کے بعد سے ڈولفن ا سکواڈ پی آر یو ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے ، اس دوران پنجاب یونیورسٹی کے قریب ڈولفن فورس اور پولیس ریسانس یونٹ کا ڈاکووَں سے آمنا سامنا ہو گیا ، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس میں راہ چلتی ہوئی ایک طالبہ بھی اس کی زد میں آگئی اور گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی ، جب کہ ڈولفن فورس کی طرف سے کارروائی کے نتیجے میں ڈاکووں کو زندہ گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی ماڈل ٹاون کی طرف سے بھی فائرنگ میں طالبہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ، تاہم انہوں نے کہا کہ لڑکی کو کس کی گولی لگی اس بات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف شیخوپورہ کے علاقہ ٹبی ہمبو میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، بتایا گیا ہے بدنام زمانہ اشفاق عرف شاقی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فاروق آباد سے موٹرسائیکل ،نقدی چھین کر فرار ہورہا تھا کہ تھانہ بھکھی کے علاقہ ٹبی ہمبو کے قریب بھکھی ڈولفن پولیس نے تعاقب شروع کیا تو ڈاکوئوں نے کھیتوں میں پناہ لیتے ہوئے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ سے پولیس کو متعدد مقدمات میںمطلوب اشفاق عرف شاقی ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا جبکہ پولیس کے مطابق دونوں اطراف کی فائرنگ سے شاقی ڈکیت اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔