گلگت میں انتخابات ،الیکشن کمیشن کا گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ

ضابطہ اخلاق کی کسی بھی جماعت،فرد یا عہدہ دار کی طرف سے خلاف ورزی کی صورت میں نگران ٹیم ضلعی مانیٹرینگ آفیسر کو رپورٹ پیش کریگی

منگل 27 اکتوبر 2020 18:33

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات کو صا ف ، شفاف ، آزادانہ ، منصفانہ ، اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے انتخابی مہم کی نگرانی اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے الیکشن ایکٹ 2017کے دفعہ234کے تحت گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی کسی بھی جماعت،فرد یا عہدہ دار کی طرف سے خلاف ورزی کی صورت میں نگران ٹیم ضلعی مانیٹرینگ آفیسر کو رپورٹ پیش کریگی جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ملکر خلاف ورزی کی تحقیقات کرکے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو رپورٹ پیش کرینگے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابات کے دوران انتخابی مہم کی نگرانی کیلئے مانیٹرینگ ٹیم یا ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر کو کوئی بھی اتھارٹی معلومات فراہم کرنے کے پابند ہو نگے۔

جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر مانیٹرینگ ٹیم کی جانب سے پیش کی گئی شکایات کا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کے پابند ہونگے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہر ضلع میں دسٹرکٹ مانیٹرینگ آفسر اور ہر حلقے میں دو دو آفسران مانیٹرینگ ٹیم الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی روشنی میں سیا سی جماعتوں کی انتخابی مہم ، جلسوں ، تقاریر ، اور تقاریب کی نگرانی کرینگے۔

نوٹیفکیشن کے کہاگیاکہ انتخابی مہم کے دوران کسی بھی حلقے میں سیا سی سرگرمیوں کے دوران ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کی صورت میں نگران ٹیم ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر کو رپورٹ پیش کریگی اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ گریڈ 17سے اوپر کے کسی آفیسر کو مقرر کریگی جسے فوکل پرسن کہاجائیگا۔ اور پولیس کی جانب سے سب انسپکٹر سے اوپر کے رینک کے کسی آفیسر کو مقرر کیا جائیگا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے یہ دونو ں آفیسران ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر کے ساتھ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تحقیقات میں مد د کرینگے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع گلگت میں اے ڈی سی عثمان احمد ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر ہونگے جبکہ اے سی اصغر خان اور تحصیلدار عاطف اللہ مانیٹرینگ ٹیم میں شامل ہونگے۔ ضلع نگر سے اے سی شبیر حسین ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسرجبکہ بوائز ہائی کالج نگر کے لیکچرار منصورعلی اور بوائز ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر انوار حسین کو مانیٹرینگ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ضلع ہنزہ میں اے سی علی آباد عامر تیمو ر کو ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر جبکہ ایس ڈی او بی اینڈ آر ریاض اور تحصیلدار علی آباد فرامان علی کو مانیٹرینگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے ضلع سکردو میں ڈپٹی کمشنر محمد انس اقبال ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسرہونگے جبکہ جی بی ڈی ایم اے کے اے ڈی غفران بیگ اور اے ڈی ایس ڈی اے محمد نوید مانیٹرینگ ٹیم میں شامل ہونگے۔

ضلع کھرمنگ میں ڈی ڈی ایجوکیشن علی حیدر ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر جبکہ ایل جی اینڈ آر ڈی کے امداد علی اور قمر عباس مانیٹرینگ ٹیم کا حصہ ہونگے۔ ضلع شگر کے مانیٹرینگ ٹیم میں ڈ ی ایچ او محمد اشرف ، ایل جی اینڈ آرڈی کے پروجیکٹ منیجر زیشان حید ر اور ایس ڈی او واٹر اینڈ پاور شیر محمد شامل ہونگے۔ اسی طرح ضلع استور میں ڈی سی محمد طارق کو ڈسٹرکٹ مانیٹرینگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے ضلع دیامر میں ڈی سی اعجاز قاسم کو ریٹرنگ مانٹر نگ افیسر جبکہ ڈی ڈی واٹر مینجمنٹ کے عادل حسین اور ایل جی اینڈ ارڈی کے پراجیکٹ منیجر عرفان ولی مانٹڑنگ افیسر ہونگے۔