کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں گے،جام کمال خان

عالمی برادری بھارت کی جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کا فوری طور پر نوٹس لے،وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 27 اکتوبر 2020 22:41

کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 73 سال قبل بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین اورانسانی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔5 اگست2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے قدم اٹھایا۔

انہوں نے کشمیری عوام کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔ ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرآت مند کشمیری گذشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔

اور مشکل ترین حالات سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کے تنازع کی بین الاقوامی حیثیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے جن پر عمل درآمد ہونا باقی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہاکہ جموں وکشمیر آج مکمل جیل بن چکی ہے اور وہاں مکمل بلیک آئوٹ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کا فوری طور پر نوٹس لے کر خطے میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیی