صوبائی حکومت سول سرونٹس کی مشکلات دور کرنے اور سول سروس کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے، جا م کما ل خان

سرکاری مشینری کی مضبوطی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں، سول سیکریٹریٹ کے تمام کیڈر کے افسران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ بلو چستان

جمعرات 29 اکتوبر 2020 23:16

صوبائی حکومت سول سرونٹس کی مشکلات دور کرنے اور سول سروس کو مزید موثر ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سول سرونٹس کی مشکلات دور کرنے اور سول سروس کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے، سرکاری مشینری کی مضبوطی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں، سول سیکریٹریٹ کے تمام کیڈر کے افسران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بذریعہ وڈیو لنک محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی کارکردگی اور دیگر امور سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اطلاعات اور سیکریٹری امپلی مینٹیشن پی اینڈ ڈی نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، اجلاس کو سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے محکمانہ کارکردگی، بینوولینٹ فنڈ سے متعلق بورڈ کی تشکیل، نئے قوانین اور قانون سازی، سول سیکریٹریٹ کے حالیہ امور سمیت دیگر امورپر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جاری اسکیمات پر سترفیصدکام مکمل ہوچکا ہے،بینوولینٹ فنڈ کے بورڈ کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے جبکہ محکمے کے نئے قوانین اور پہلے سے لاگو قوانین میں مجوزہ ترامیم کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، انہوں نے سول سیکریٹریٹ کے مختلف کیڈر کے سرکاری افسران کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سول سیکریٹریٹ کی بہتری اورامور کی بہتر انجام دہی کے لئے بھرپور انداز سے کام کررہی ہے، ملازمین کے انشورنس کارڈ کے اجراء کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اب سول سرونٹس عوامی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے محنت کرتے ہوئے مسائل کا حل نکالیں، حکومت کو سول سرونٹس کی مشکلات کا اندازہ ہے تاہم ان مشکلات کو احتجاج اور دھرنے دے کر حل نہیں کیا جاسکتا، ملازمین کو عوامی فلاح وبہبود کو مقدم رکھتے ہوئے سرکاری امور کو احسن طریقے سے بلا تعطل جاری رکھنا ہوگا، وزیراعلیٰ نے سینئر سول سرونٹس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جونیئر افسران کی رہنمائی کرتے ہوئے اپنا حقیقی کردار ادا کریں، انہوں نے سول سیکریٹریٹ کے ملازمین کے حالیہ مسائل سے متعلق فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں سیاسی نمائندوں اور سول سیکریٹریٹ کے سینئر افسران کو شامل کیا جائے اور مذکورہ کمیٹی جلد از جلد سول سیکریٹریٹ کے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے موثر اور فوری اقدامات کرے تاکہ سرکاری امور بنا کسی رکاوٹ بطریق احسن رواں رہیں۔

متعلقہ عنوان :