کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امام مسجد زخمی ، تشویشناک حالت میں ہسسپتال منتقل

حملے میں ملوث ایک ملزم گرفتار جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،گرفتار ملزم کے پاس سے موبائل فون اور نائن ایم ایم پستول برآمد کر لی ، پولیس

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 23:10

کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امام مسجد زخمی ، تشویشناک حالت ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر2020ء) کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے جمشید روڈ میں فائرنگ سے مسجد سبحانیہ کے امام مفتی عبداللہ زخمی ہوگئے ہیں۔ اہل علاقہ نے مفتی عبداللہ کو انتہائی تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال پہنچایا ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مفتی عبداللہ عمر کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

مفتی عبداللہ پر فائرنگ کرنے والے شخص کو اہل علاقہ نے پکڑ لیا اور تشددکا نشانہ بنایا جبکہ حملے میں ملوث دوسرا شخص فرار ہوگیا ۔ اہل علاقہ نے ملزم کو پولیس کے حوالے کرنے سے بھی انکار کردیا، تھانہ جمشید ٹاؤن پولیس کو ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے اہل علاقہ کی مزاحمت برداشت کرنا پڑی ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے موٹر سائیکل پر مفتی عبداللہ کا پیچھا کیا، اور ان کو گھر کے قریب پہنچنے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا، فائرنگ کے دوران گولی پستول کے چیمبر میں پھنسنے کے باعث ملزمان فائر نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود اہل علاقہ اور سیکیورٹی گارڈ نے ملزمان کو پکڑا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا جبکہ دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے موبائل فون اور نائن ایم ایم پستول برآمد کر لی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔