وفاقی وزیر علی زیدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، خود کو قرنطینہ کر لیا

میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ مجھے قرنطینہ اختیار کرتے ہوئے اکیلا رہنا پڑے گا، سوشل میڈیا استعمال کرتا رہوں گا اور ان لوگوں کو بے نقاب کرتا رہوں گا جنہوں نے اس قوم کو لوٹا ہے، اور آج تک قوم کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں، وفاقی وزیر کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 1 نومبر 2020 00:45

وفاقی وزیر علی زیدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، خود کو قرنطینہ کر لیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر علی زیدی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں وفاقی وزیر سید علی حیدر زیدی نے لکھا ہے کہ " ابھی معلوم ہوا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ مجھے قرنطینہ اختیار کرتے ہوئے اکیلا رہنا پڑے گا۔ سوشل میڈیا استعمال کرتا رہوں گا اور ان لوگوں کو بے نقاب کرتا رہوں گا جنہوں نے اس قوم کو لوٹا ہے، اور آج تک قوم کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں ۔

اللہ ان سب کو طاقت دے جو انصاف کے لیے کھڑے ہیں "۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما و سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کابھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر مصدق ملک نے لکھا تھا کہ " میں نے ابھی اپنے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کی، بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں خود کو قرنطینہ کر رہاہوں ۔

(جاری ہے)

براہ مہربانی مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا ۔ شدید افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ مجھے اپنے خاندان کے ایک اہم ایونٹ کو چھوڑنا پڑے گا، میرا نقصان ہوگیا"۔
یاد رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاورمیں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک اور ڈ اکٹر انتقال کرگئے ۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی وباء کا شکار ہونے والے ڈاکٹر سلطان زیب پشاور میں واقع حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے ، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ماسک پہننے پر پابندی بھی عائد کی جا چکی ہے اس کے علاوہ تمام شہروں میں عوامی مقامات رات 6 بجے جبکہ بازار اور شادی ہال رات10 بجے تک بند کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔