سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے چوتھی ای۔کچہری کا انعقاد کیا

پیر 2 نومبر 2020 18:39

اسلام آباد۔2نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2020ء) :وزیر اعظم عمران خان کے ویزن کے تحت پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے پیر کو اپنی چوتھی ای۔کچہری کا انعقاد کیا۔ ایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حسن ناصر جامی ای۔کچہری کی صدارت کر رہے تھے۔

انہوں نے لوگوں سے ایوی ایشن سے متعلقہ شہری مسائل سے متعلق سوالات بھی پوچھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سروسز، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل یگولیٹری نے ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی اور ڈائریکٹر انسانی وسائل ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہمراہ ای۔کچہری میں شریک ہوئے ۔ ای۔کچہری میں ہوائی اڈوں پر سہولیات کی فراہمی و مرمت کے حوالے سے 51 شکایات سنی گئیں۔

(جاری ہے)

ان شکایات میں مصنوعی ذہانت کے سیفٹی نظام کی بنیاد پر لینڈنگ آلات کی بہتری، اسلام آباد ایئرپورٹ پرموبائل سگنلز اور مفت وائی فائی انٹرنیٹ رجسٹریشن کے مسائل، ہوابازی و دیگر لائسنسوں کے حوالے سے امتحانات کی دوبارہ بحالی، تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے لئے ای۔گیٹس کی تنصیب، زیر التوا تجارتی اراضی کی لیز/ معاہدوں کا حل، چترال اور مظفر آباد ہوائی اڈوں کے لئے فلائٹ آپریشنز اور سول ایوی ایشن ملازمین سے متعلقہ شکایات شامل تھیں۔

ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن نے بیشتر سوالات کا موقع پر ہی جواب دیا اور متعلقہ شعبوںکو ہدایت کی کہ بلا تاخیر میرٹ کے مطابق چیزوںکو جلد سے جلد حل کیا جائے۔ عوام نے اپنی شکایات کے ازالےکے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اقدام کو سراہا۔ ای۔کچہری پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آفیشل فیس بک پر بھی براہ راست نشر کی گئی