15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے، آئی سی سی

کچھ وجوہات کی بناء پر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے 15 سال سے کم عمر کھلاڑی کو کھلانا چاہتے ہیں تو آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی، اعلامیہ

جمعہ 20 نومبر 2020 16:27

15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے، آئی سی سی
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب 15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کے لیے کرکٹر کی عٴْمر کم از کم 15 سال ہونا ضروری ہے۔

آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بہتری لانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کے لیے لاگو ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کچھ وجوہات کی بناء پر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے 15 سال سے کم عمر کھلاڑی کو کھلانا چاہتے ہیں تو اٴْنہیں اس کیلئے آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی جس میں وہ تمام وجوہات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی اٴْس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اٴْسے اجازت نامہ دے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عٴْمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔یاد رہے کہ سال 1996 سے 2005 کے درمیان سات ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال کی عمر میں کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :