ڈپٹی کمشنرز پورے سال کیلئے اشیا ئے ضروریہ کی طلب ، رسد سے متعلق پیشگی فہرست مرتب کریں‘ چیف سیکرٹری کی ہدایت

جواد رفیق ملک کی لاہور کے کچھ علاقوںمیں آٹے کی مقررہ نرخوںسے زائدپر فروخت کا نوٹس ،گراںفروشوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت نومبر کے آخر میں پنجاب میں آلو، ٹماٹر اور پیاز کی رسد بہتر ہو نے سے قیمتوں میں کمی آئے گی‘ اجلاس میںمتعلقہ افسران کی بریفنگ

ہفتہ 21 نومبر 2020 13:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کچھ علاقوںمیں آٹے کی مقررہ نرخوںسے زائدپر فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے گراںفروشی میںملوث دکانداروںکے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ،ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں پورے سال کیلئے اشیا ئے ضروریہ کی طلب اور رسد سے متعلق پیشگی فہرست مرتب کریں۔

اجلاس میںایڈیشنل چیف سیکرٹری،خوراک، زراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز ،ڈائریکٹر فوڈ پنجاب،سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکیٹنگ شرکت ہوئے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میںبتایا گیا کہ اربن یونٹ رپورٹ میں تاجپورہ سمیت کچھ علاقوں میں آٹے کی مقررہ قیمت سے زائد پر فروخت کی نشاندہی کی گئی،سپاٹ پرائس سروے کے مطابق صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں آٹا مقرر کردہ قیمت پر دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیا ء کے نرخوں اور دستیا بی کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ سپیشل برانچ، آئی بی اور اربن یونٹ کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں پورے سال کیلئے اشیا ئے ضروریہ کی طلب اور رسد سے متعلق پیشگی فہرست مرتب کریں۔قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے انتظامی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی نگرانی جا ری رکھیں۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نومبر کے آخر میں پنجاب میں آلو، ٹماٹر اور پیاز کی رسد بہتر ہو نے سے قیمتوں میں کمی آئے گی۔ اضلاع میں پہنچنے والی33ہزار میٹرک ٹن درآمد شدہ چینی میں سے 27ہزار ٹن فروخت ہوچکی ہے۔