مینو فیکچرنگ میں مثبت رجحان ،بیرونی سرمایہ کاری میں بہتری ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے‘ادیب اقبال شیخ

فیبرکس کی ایکسپورٹ کی بجائے فیبرکس سے بنی گارمنٹس کی ایکسپورٹ سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا ‘ زونل چیئرمین پریگمیا

پیر 23 نومبر 2020 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) زونل چیئرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ادیب اقبال شیخ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ملکی معیشت کی موجودہ اور گزشتہ صورتحال پر سالانہ رپورٹ میں مینوفیکچرنگ کے مثبت رجحان، بیرونی سرمایہ کاری میں بہتری اور کرنٹ اکائونٹ کو قابو اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں سے ٹیکسٹائل انڈسٹری بحالی کی طرف گامزن ہے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحال سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے ملکی معیشت مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریڈمیڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ادیب اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت فیبرکس کی برآمدات میں اضافہ کی حوصلہ شکنی کرے کیونکہ گارمنٹس مینوفیکچرنگ میں فیبرکس راہ میٹیریل ہے اور اس کی مسلسل برآمدات سے فیبرکس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے گارمنٹس انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے ۔

انہوںنے کہا کہ فیبرکس سے تیار شدہ گارمنٹس کی بیرون ملک مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اس لیے فیبرکس کی برآمدات میں کمی لاتے ہوئے اس سے بنی ہوئی ریڈی میڈ گارمنٹس کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔اس سے گارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔انہوںنے کہا کہچینی قیادت میں ایشیائی ممالک کے گرینڈتجارتی بلاک اور اس میں پاکستان کی شمولیت کے بعد صنعتی شعبہ اور رکن ممالک کے درمیان برآمدات پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے اور فری ٹریڈ معاہدہ سے برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت مستحکم اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کو مزید قرضوں سے نجات ملے گی ۔

اس لیے حکومت معاہدہ میں شامل ممالک میں اپنے سفارتخانوں میں ٹریڈ آفیسرز کو فعال کریں تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک خوشحال ہوسکے۔