کورونا وبا کی دوسری لہر، انڈور ریسٹورنٹس، شادی ہالز، جم، سنیما پر پابندی عائد کردی گئی

ریسٹورنٹ آؤٹ ڈور ڈیلیوری کرسکیں گے، ریسٹورنٹ کی ٹائمنگ رات 10 بجے تک ہوگی جبکہ کاروباری اوقات صبح 6 سے شام 6 بجے تک ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 24 نومبر 2020 01:18

کورونا وبا کی دوسری لہر، انڈور ریسٹورنٹس، شادی ہالز، جم، سنیما پر پابندی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 23 نومبر 2020ء) محکمہ داخلہ سندھ نے انڈور شادی ہالز، جم، تھیٹر اور مزارات بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے انڈور شادی ہالز، جم، انڈور اسپورٹس، تھیٹر پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اس کے علاوہ ریسٹورنٹس پر بھی انڈور سروس پر پابندی ہوگی، کھلی فضا میں قائم ریسٹورنٹس کھلے رہیں گے ۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق صرف آؤٹ ڈور شادی کی اجازت ہوگی اور اس میں 200 افراد شرکت کرسکیں گے، شادی کی تقریبات کے اوقات رات 9 بجے تک ہوں گے ۔جبکہ ریسٹورنٹ آؤٹ ڈور ڈیلیوری کرسکیں گے، ریسٹورنٹ کھلے رہنے کے اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے جبکہ کاروباری اوقات صبح 6 سے شام 6 بجے تک ہوں گے، تمام تجارتی مراکز جمعہ اور اتوار کو مکمل طور پر بند رہیں گے، جمعہ اور اتوار کو صرف روزمرہ کی ضروری اشیا کی دکانیں کھلیں گی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ انڈور سنیما، تھیٹر، جم اسپورٹس اور مزارات بھی بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 50 فیصد سرکاری ملازمین گھروں سے کام کریں گے، سرکاری و نجی دفاتر میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں 31 جنوری تک 2021 تک لاگو رہیں گی ۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پنجاب حکومت نے بھی سخت حفاظتی اقدامات شروع کردیے ہیں، اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے تمام سرکاری و نجی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نصف ملازمین کو دفاتر میں بلائیں ۔