سی پیک کے منصوبوں کے تحت صوبے میں کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ سسٹم کی منصوبہ بندی تیار کی جائے، وزیر زراعت محب اللہ خان

منگل 24 نومبر 2020 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت ولا ئیوسٹاک محب اللہ خان نے محکمہ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں سی پیک کے منصوبوں کے تحت کارپوریٹ ایگریکلچرفارمنگ سسٹم کیلئے جامع منصوبہ بندی تیار کی جائے تاکہ خیبرپختونخوا میں خوراک و غذا کی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ بے روزگاری میں کمی ہوگی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں محکمہ زراعت ولا ئیوسٹاک کے منصوبوں کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اسرار، ڈی جیز زراعت،لائیو سٹاک و ماہی پروری، سائل کنزرویشن، واٹر منیجمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں زراعت کے مختلف شعبوں کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

اسی طرح ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں زیتون کی پودوں کی کاشت صوبے میں جاری پی ایس ڈی پی، اے ڈی پی کے تحت جاری سکیموں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ زمینداروں کے مسائل حل کرنا زراعت اور لائیو سٹاک کے متعلقہ افسر ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی منصوبے کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہو نی چاہیے کیونکہ زراعت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور معیشت کے استحکام میں اس کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بہتر اقسام کے تخم فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کو مزید شفاف اور آسان بنایا جائے اور ماہرین کی آرا کی روشنی میں آئندہ کے لئے ایسی منصوبے تیار کیے جائیں جس کی بدولت صوبہ، زراعت کے شعبہ میں خود کفالت حاصل کرسکے۔