یوکرائن کی انرجی کمپنی پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا پلانٹ لگائے گی

پنجاب میں 60 فیصد کوڑا نامیاتی ہے جو بائیو گیس کی پیداوار کیلئے انتہائی موزوں ثابت ہوتا ہے، بریفنگ منصوبے کے خواب کو حقیقت سے آشنا کرنے کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت سہولت کاری کریگا

منگل 24 نومبر 2020 21:52

یوکرائن کی انرجی کمپنی پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا پلانٹ لگائے گی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) یوکرائن میں توانائی کی پیداوار کے حوالے سے اہم کمپنی کلیئر انرجی گروپ پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا انرجی پلانٹ تعمیر کرے گی۔ اس حوالے سے کمپنی کے سی ای او سیرہی سائوچک اور بین الاقوامی بزنس مینجر کوتلیاروو ایوگنی نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کیا اور اپنے سرمایہ کاری کے منصوبے کے حوالے سے بات چیت کی۔

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے ڈائریکٹر سہولت کاری ڈاکٹر سہیل سلیم نے یوکرائنی وفد کا استقبال کیا اور انہیں پنجاب میں قابل تجدید توانائی کے حوالے سے موجود سازگار ماحول پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندہ ریحان پراچہ اور پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ بورڈ کے سلمان حیدر نے بذریعہ انٹرنیٹ شرکت کی اور یوکرائنی وفد کو بتایا کہ پنجاب میں موجود 60 فیصد کوڑا نامیاتی و نباتاتی ہے جو بائیو گیس کی پیداوار کیلئے انتہائی موزوں ہے۔

(جاری ہے)

وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان سال میں اوسطا 30 ملین ٹن کوڑا پیدا ہوتا ہے۔ وفد کو پاکستان میں کوڑے سے توانائی کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی موزوں تفصیلات فراہم کی گئیں۔ ملاقات کے اختتام پر طے پایا کہ یوکرائنی کمپنی کے کاروباری منصوبے کو خواب سے حقیقت بنانے کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت ون ونڈو سہولت کاری فراہم کرے گا۔