منشیات فروشوں بالخصوص تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں منشیات سپلائی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ‘ آئی جی

کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کے ساتھ وہاں ڈولفن اور پیرو کے پٹرولنگ پلان کو مزید موثر بنایا جائے‘ انعام غنی

بدھ 25 نومبر 2020 18:34

منشیات فروشوں بالخصوص تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں منشیات سپلائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کریں اور بڑے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ بالخصوص تعلیمی اداروں اور سٹوڈنٹ ہاسٹلز کے ارد گرد علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ نوجوان نسل کو آئس سمیت دیگر فیشن ایبل ڈرگز کی جانب راغب کرنے اور سپلائی دینے والے معاشرتی ناسوروںکا قلع قمع کرتے ہوئے انہیں پابند سلاسل کیا جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ منشیات فروشی اور اسمگلنگ میں ملوث بڑی مچھلیوں کے قلع قمع کے لیے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بروقت انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو گرفتار کر کے اس لعنت کا جڑسے خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ لاہور میں کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان علاقوں میں ڈولفن ، پیرو اور دیگر فورسز کے پٹرولنگ پلان کو مزید موثر بناتے ہوئے گشت کے اوقات کار کو بڑھایا جائے جبکہ کرائم پاکٹس میں پیک کرائم ٹائم کے دوران سرکل افسران خود فیلڈ میں نکل کر پٹرولنگ پلان اور صورتحال کی مانیٹرنگ کریں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے کمپیوٹرائزڈ روڈ سائن ٹیسٹ کوجاری رکھتے ہوئے مانیٹرنگ بھی کی جائے تاکہ جدید آٹومیٹنگ طریقہ کار سے شہری بغیر پریشانی کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں ۔انہوں نے سی ٹی او لاہور کو ہدایت کی کہ شاہرات پر ٹریفک کے بلا تعطل اور ہموار بہائو کو برقرار رکھنے کیلئے افرادی قوت ، دستیاب وسائل کے بہترین استعمال اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے تاکہ ٹریفک مینجمنٹ موثر انداز میں رواں دواں رہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ زیادہ رش والی جگہوں پرٹریفک وارڈنز ہائی الرٹ ہوکر فرائص سر انجام دیں جبکہ سی ٹی او خود بھی فیلڈ میں نکل کروقتا فوقتا انسپکشن کرتے رہیں اور حادثات سے بچائو کیلئے شہریوں میں قوانین کی آگاہی مہم اور دیگر پروگرامز جاری رکھے جائیں ۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے پیشہ ورانہ امور ، جرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے جاری کیں ۔

دوران اجلاس ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان اورسی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے پیشہ ورانہ امور بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ لاہورپولیس جرائم کی روک تھام اور ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر بھرپور محنت سے اقدامات کر رہی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے شاہرات پر پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاری مرد و خواتین کے خلاف بطور خاص کاروائیاں کی جائیں اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیموں کے ساتھ مل کر شاہرات اور چوکوں سے پیشہ ور بھکاریوں کے خاتمے کیلئے ممکن اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ خود کو بے روزگار مزدور ظاہر کرکے بھیک مانگنے والے نشئیوں کے خلاف بھی کاروائیوں کا عمل تیز کیاجائے تاکہ شہریوں کو ان کی کاروائیوں سے محفوظ رکھا جاسکے ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد اور اے آئی جی آپریشنز غازی صلاح الدین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔