فرانس ،آن لائن ٹیکنالوجی کمپنیوں سے ٹیکس وصولی کے لئے نیا قانون نافذ

جمعرات 26 نومبر 2020 14:18

فرانس ،آن لائن ٹیکنالوجی کمپنیوں  سے ٹیکس وصولی کے لئے نیا قانون نافذ
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2020ء) فرانس نے آن لائن ٹیکنالوجی کمپنیوں سے ٹیکس وصولی کے لئیرواں سال نیا ڈیجیٹل قانون لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں امکان ہے کہ فرانسیسی اشیا پر امریکی محصولات میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔ فرانسیسی وزارت خزانہ کے عہدیدار نے بتایا کہ گوگل، ایمیزون، فیس بک اور ایپل سمیت متعلقہ کمپنیوں کو نئے قانون سے مطلع کردیا گیا ہیجبکہ مجوزہ ٹیکس کی وصولی دسمبر سے شروع ہوگی۔

امریکی تجارتی نمائندے نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مجوزہ قانون پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی اسیامریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دینے کے علاوہ کاسمیٹکس اور ہینڈ بیگز سمیت1.3 بلین ڈالر مالیت کی فرانسیسی مصنوعات پر 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی لگانے کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

2019 میں فرانسیسی حکومت نے ایمیزون سمیت ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ اور نجی ڈیٹا کی آن لائن فروخت کرنے والی کمپنیوں کے منافع پر3 فیصد محصول عائد کیا تھا جس سے 400 ملین یورو (475 ملین ڈالر) ٹیکس آمدن ہوئی۔نئے قانون پر عملدرآمد کے بعد توقع ہے کہ اس آمدن میں بتدریج اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ فرانس سمیت یورپی ممالک کی حکومتیں عوام کے شدید دباؤ پرامریکی ملٹی نیشنل کمپنیوں سے آمدنی کا بڑا حصہ بطورٹیکس ادا کرنے کے لئے ایکشن لے رہی ہیں۔ قبل ازیں فرانس اور امریکہ معاشی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے پلیٹ فارم سے عالمی ڈیجیٹل ٹیکس معاہدہ پرگزشتہ سال متفق ہوئے تھے تاہم اس پر پیشرفت نہ ہو سکی۔