اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی ،ایک اور فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا

فلسطینی نے مشرقی بیت المقدس میں الزعیم چوکی پر اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی تھی ، صہیونی فوج کا الزام

جمعرات 26 نومبر 2020 19:36

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور فلسطینی نوجوان کو بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا۔ قابض فوج نے فلسطینی نوجوان کو گولیاں مارنے اور شہید کرنے کو سند جواز فراہم کرنے کے لیے مشرقی بیت المقدس میں الزعیم چوکی پر اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔

عبرانی میڈیا کے مطابق ایک کار ڈرائیور نے فوجیوں پر فائرنگ کی اور اس کے بعد گاڑی ان پر چڑھانے کی کوشش کی گئی جس پر فوجیوںنے جوابی کارروائی میں فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینی کی شناخت 37 سالہ نور جمال شقیر کے نام سے کی گئی ہے جس کا تعلق مسجد اقصیٰ کے جنوبی علاقے سلوان میں وادی ربابہ کالونی سے تھا۔

(جاری ہے)

شہید فلسطینی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جمال شقیر پبلک ٹرانسپورٹ میں کام کرتا تھا۔ انہوںنے اسے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد سڑک پر پڑے تڑپتے دیکھا،اس کے بعد قابض فوج نے اس کے والد اور بھائیوں کو المسکوبیہ حراستی مرکز منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے فلسطینی نوجوان کو گولیاں مارنے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا اور کسی کو بھی زخمی شہری تک رسائی اور اس کی مدد کرنے کی اجازت نہیں دی۔